
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ نے جہاں عوام کو سڑکوں پر جمع کر رکھا ہے وہیں معمولاتِ زندگی سمیت خوشیوں اور شادی کی شہنائیوں کو بھی بریک لگ گیا ہے۔
سوشل میڈیا پیلٹ فارمز پر وائرل ایک ویڈیو میں جَلد ہی دلہن بننے والی لڑکی عمران خان اور اُن کے لانگ مارچ سے شدید نالاں نظر آ رہی ہیں۔
لڑکی کا عمران خان سے گِلہ ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے اُنہیں عوام سے رائے اور مشورہ کرنا چاہیے تھا۔
لڑکی کا بتانا ہے کہ اُن کی شادی کی تاریخ طے ہے، شادی کے کارڈز تقسیم، ہال اور سلون کی بکنگ بھی ہو چکی ہے مگر اُن کا دولہا لانگ مارچ میں چلا گیا ہے۔
لڑکی کا اپنے عروسی جوڑے کو حسرت سے تکتے ہوئے کہنا ہے کہ میرا دولہا کہتا ہے شادی لانگ مارچ سے واپس آکر ہی کرے گا۔
لڑکی کا کہنا ہے کہ گھر میں سب پریشان ہیں، میرے دولہے کو میرا خیال کرنا چاہیے تھا، اتنا بھی اپنے لیڈر کے پیچھے کیا پاگل ہونا۔
لڑکی کا کہنا ہے کہ ادھر لانگ مارچ لمبا ہو گیا تو وہ اپنے دولہے کو لانگ مارچ سے واپس لا کر شادی کریں گی، پھر چاہے بعد میں ہم دونوں ایک ساتھ لانگ مارچ میں چلے جائیں۔
دلہن بننے کی حسرت دل میں لیے لڑکی کا عمران خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ خود تو آپ نے تین تین شادیاں کر لی ہیں اور میری ایک شادی خراب کر دی ہے، اگر میرا دولہا واپس نہیں آیا تو میں لانگ مارچ میں جا کر اپنے شادی کے سب ہی کپڑوں کو آگ لگا دوں گی۔
Comments are closed.