ہفتہ14؍جمادی الثانی 1444ھ7؍جنوری 2023ء

عمران خان کی صوبائی وزرا کو اراکین پنجاب اسمبلی سے رابطے میں رہنے کی ہدایت

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے پنجاب کے وزرا، پارلیمانی لیڈر ،ا سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی ملاقات کا اندرونی احوال سامنے آگیا۔

ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط ہے، جس میں ووٹ لینے کا کہا گیا ہے، اس لیے ہمیں تیاری کرنی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے صوبائی وزرا کو اراکین پنجاب اسمبلی سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزرا نےپی ٹی آئی چیئرمین کو بریفنگ دی اور بتایا کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہمیں مسئلہ نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر ہر وزیر کو اُس کے متعلقہ ڈویژن کی ذمے داری سونپ دی گئی۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ ہر وزیر اپنے ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے رابطے میں رہے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں طے پایا کہ پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیتے ہی فوری طور پر اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم الیکشن کےلیے عوام کے پاس جائیں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے ہدایت کی کہ تمام وزرا اپنےحلقوں اور ڈویژن میں اگلےانتخابات کی تیاری بھی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سازشی ٹولہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کررہا ہے، انہیں معلوم ہے کہ عوام نے انہیں مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ملک کے مسائل کا حل نئے الیکشن ہیں، عوامی مینڈیٹ سے آنے والی نئی حکومت ہی مسائل حل کرسکتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.