پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت جاچکی، اسے خدا حافظ کہنے اسلام آباد جارہے ہیں۔
مریم نواز نے کنٹینر پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کو جھوٹا قرار دے دیا۔
نو ن لیگ کا مہنگائی مکاؤ مارچ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں ماڈل ٹاؤن لاہور سے اسلام آباد کی جانب گامزن ہے۔
مریم نواز اور حمزہ شہباز ٹرک پر سوار ہیں، مارچ میں پارٹی جھنڈوں کی بہار اور ترانوں پر کارکنوں کی پُرجوش نعرے بازی دیکھنے میں آئی۔
مریم اور حمزہ ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے، داتا دربار کے سامنے سے گزرتے ہوئے سلام بھی پیش کیا، کارکنوں نے مریم نواز اور حمزہ شہباز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
مارچ کا پہلا پڑاؤ آج گوجرانوالا میں ہوگا، مہنگائی مارچ 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا، عوامی مہم کے آغاز سے پہلے مریم نواز نے والدہ کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ بھی پڑھی۔
مہنگائی مکاؤ مارچ کے لئے قافلے ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے، جہاں سے پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں لانگ مارچ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بنی گالا سے اتارکر عوام کی عدالت میں پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ آج ہونے والے لانگ مارچ سے متعلق ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب بھی کیا تھا۔
Comments are closed.