سابق وزیرِ اعظم، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کر دیے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نےعمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر 3 اعتراضات عائد کیے ہیں۔
ذرائع رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ نے بتایا ہے کہ پہلا اعتراض ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرایا ہے۔
دوسرا اعتراض کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جانے کی بجائے ہائی کورٹ کیسے آ گئے؟
رجسٹرار آفس کی جانب سے تیسرا اعتراض عائد کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے مقدمے کی مصدقہ نقل فراہم نہیں کی گئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔
عمران خان نے پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور فیصل چوہدری کے ذریعے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی۔
عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت جب کہے مقدمے میں شاملِ تفتیش ہونے کو تیار ہوں، ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں اور نہ ہی کبھی سزا ہوئی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فرار ہونے یا پراسیکیوشن کے شواہد خراب کرنے کا امکان تک نہیں، ضمانتی مچلکے جمع کرانے کو تیار ہوں، ضمانت منظور کی جائے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت گزشتہ روز مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کچھ عرصے سے اپنی گرفتاری کی بات کر رہے ہیں، وہ اپنے قتل کی سازش کے بارے میں بھی بات کر چکے ہیں۔
Comments are closed.