بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے، وہ 7 اکتوبر سے پہلے متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔

عدالت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو اس عدالت کا فیصلہ غیر مؤثر ہو جائے گا، عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کی جاتی ہے۔

عدالت عالیہ نے کہا کہ وکیل کے مطابق مجسٹریٹ نے بغیر نوٹس وارنٹ جاری کیے، وکیل کا مؤقف ہے کہ عمران خان کیس کی پیروی کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت 7 اکتوبر تک منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ وکیل کے مطابق اس کیس میں لگی تمام دفعات قابلِ ضمانت ہیں، وکیل کا کہنا ہے کہ ان حالات میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، ان کے گھر کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔

عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وکیل کے مطابق یہی وجہ ہے کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، ان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.