ہفتہ9؍ربیع الثانی 1444ھ 5؍نومبر 2022ء

عمران خان کی تقاریر و پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی، ایمنڈ کی مذمت

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے تشویشناک اور اظہار رائے پر پابندی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں ایمنڈ نے کہا کہ آئین پاکستان ہر فرد کو اپنی رائے کے اظہار کا پورا حق فراہم کرتا ہے، تاہم اس حوالہ سے باضابطہ قواعد و ضوابط اور حدود و قیود متعین ہیں۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس دکھانے پر پابندی لگادی۔

ایمنڈ کے مطابق ان قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، کسی کی دل آزاری، بےبنیاد الزامات و دیگر کی صورت میں شکایت کنندہ کو قانونی استحقاق حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایمنڈ سمجھتی ہے کہ کسی بھی آڑ میں حق اظہار رائے کو سلب نہیں کیا جاسکتا۔

ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اگر کسی چینل کے حوالہ سے تاخیری مکینزم یا ایڈیٹوریل کمیٹی نہ ہونے کی شکایت موجود ہے تو بھی پابندی کا اطلاق انفرادی چینل کے بجائے اجتماعی طور پر نہیں کیا جاسکتا۔

ایمنڈ نے بیان میں مزید کہا کہ اس حوالہ سے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس معاملہ پر دیگر صحافتی تنظمیموں کے ساتھ مشاورت کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.