حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے مشترکہ بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے افواجِ پاکستان اور ان کی قیادت کے خلاف نفرت پھیلانے اور حساس پیشہ وارانہ امور کو متنازع بنانے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر مسلح افواج سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جرأت و بہادری سے جنگ لڑ رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فوج کے افسر اور جوان جامِ شہادت نوش کر رہے ہیں، ایسے میں تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے جھوٹ پھیلا رہی ہے۔
بیان میں حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ بہتان تراشی کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کر کے پاکستان کو سری لنکا بنانا ہے، آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے، سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا۔
حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کسی فردِ واحد کے آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور قیادت کے آئینی احترام کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے، سیلاب زدگان کی امداد، بحالی اور ریلیف کے عمل کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
جاری کیے گئے بیان میں حکومتی اتحاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ سازشی عناصر سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔
Comments are closed.