وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی الیکشن کے اعلان سے مشروط مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کا اعلان حکومت کی مدت پوری ہونے پر کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا تعین حکومت اور اتحادی مل کر کریں گے، عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن کا اعلان حکومت کی مدت پوری ہونے پر کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کووڈ، فیٹف اورچارٹر آف ڈیموکریسی پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنےکو تیار نہیں تھے۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ 6 دن میں الیکشن کی تاریخ نہ دی تو پھر نکلیں گے، اسمبلیاں توڑنے اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو اب تیاری سے نکلیں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کردی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت جون میں انتخابات کا اعلان کرے تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ورنہ ہمارے پاس دوسرا راستہ احتجاج ہے، کسی صورت اس سیٹ اپ کو قبول نہیں کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے واپس آنے کو کوئی ڈیل یا کمزوری نہ سمجھے، کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، چھ دن میں اسمبلیاں توڑنے اور الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تواب پوری تیاری سے نکلیں گے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ کر پوچھا ہے جمہوری ملک میں پر امن احتجاج کا حق ہے یا نہیں، 6 دن میں پتا چل جائے گا سپریم کورٹ ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتی ہے یا نہیں۔
Comments are closed.