کابل: ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ عمران خان کی افغانستان میں امن کی کوشش کو مداخلت نہ سمجھا جائے، بین الاقوامی برادری افغانستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرے۔
اسلامی امارت افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قطر، چین اور دیگر ممالک ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان، قطر، چین اور دیگر ممالک کی افغانستان میں امن کی کوشش کی تائید کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی امن کے لیے پیشکش کی بات کا خیر مقدم کرتے ہیں، عمران خان کی افغانستان میں امن کی کوشش کو مداخلت نہ سمجھا جائے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان میں مشکلات کے باوجود جلد استحکام پیدا ہو جائے گا، عبوری کابینہ میں اضافہ کر رہے ہیں، کابینہ میں باصلاحیت افراد شامل ہوں گے، جامع حکومت کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، ہم طریقہ کار مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ لڑکیاں اپنی تعلیم دوبارہ شروع کرسکیں، لڑکیوں کو جلد از جلد اسکول جانے کی اجازت دی جائے گی، بچیوں کی تعلیم کے حصول پر کوئی اعتراض نہیں۔
نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان حکومت کو تسلیم کیے بغیر محض تنقید کرنا یکطرفہ نقطہ نظر ہے، بین الاقوامی برادری افغانستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرے، القاعدہ کی دھمکیوں سے متعلق خبریں پروپیگنڈا ہیں، کابل ایئرپورٹ پر ہیلی کاپٹرز کو امریکیوں نے تباہ کیا، افغان فضائیہ کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ننگرہار اور جلال آباد میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے واقعات پر جلد قابو پالیں گے۔
Comments are closed.