پیر11؍ربیع الثانی 1444ھ7؍نومبر2022ء

عمران خان کو کون سی گولی لگی؟ بابر اعوان نے بتا دیا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو گزشتہ ہفتے ہوئے قاتلانہ حملے میں کونسی گولی لگی ہے؟ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما و و کیل بابر اعوان نے بتا دیا۔

بابر اعوان نے اسلام آباد میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ نائن ایم ایم کی گولی شہید معظم کو لگی، جبکہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو اے کے 47 کی گولی لگی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگ مشورے دے رہے ہیں کہ 5 ہزار بندے مار دو، آگ کا خطرناک کھیل مت کھیلیں، کیا ہمیں کوئی شوق ہے کہ پولیس ہمارے گھروں پر آئے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ اعظم سواتی کی بیٹی کو کیا بھیجا گیا؟ ان کی پوتیاں ملک چھوڑنے پر کیوں مجبور ہوئیں؟

انہوں نے سوال کیا کہ ایف آئی اے کے گواہ اور تفتیش کرنے والے کس کے دور میں مارے گئے؟

بابر اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف آئی اے آگ کا کھیل مت کھیلے، وفاقی تحقیقاتی ادارہ چند گھنٹوں میں کہتا ہے کہ ویڈیو جعلی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے ملزم نوید کا سچ جھوٹ جانچنے کے لیے اس کا پولی گرافک ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.