وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جو اتحادی عمران خان کو چھوڑے گا وہ غلط فیصلہ کرے گا، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو اجازت دے رہے ہیں، لانگ مارچ کے شرکاء قانون ہاتھ میں نہ لیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے روس کا کامیاب دورہ کیا، ان کے اس دورے کو پوری دنیا میں پزیرائی ملی ہے، جبکہ بھارت کو یہ دورہ ایک آنکھ نہیں بھایا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد ڈھیلی ڈھالی اور ڈانواں ڈول ہے، خرید و فروخت کا کارڈ چلانے والوں کو کچھ نہیں ملے گا، ایک سال رہ گیا ہے، اگلے الیکشن کی تیاری کریں، سیاست میں خرید و فروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گی، عمران خان نے پتے چھاتی سے لگا کر رکھے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کاروبار بن جاتی ہے تو نتائج اچھے نہیں ہوتے، سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں، انہیں ایک خوف اکٹھا کر رہا ہے، انہیں ڈر ہے کہ کچھ نہ ہوا تو ان کی کھال اتر جائے گی، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان مزید چیلنج ثابت ہوں گے اور مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیرِ داخلہ نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کے اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، بکاؤ مال کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے، پارٹیوں پر امتحان کا وقت آتا ہے، عمران خان جرأت سے سارے کھیل کا مقابلہ کریں گے، سیاسی خلفشار اس طرح کا دیکھ رہا ہوں کہ انہیں لینے کے دینے پڑ جائیں گے، ان کی سیاسی قبر کھد جائے گی، جس کا انہیں اندازہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ادارے منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، ضمیر فروش کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں ہو گی، عمران خان بچے نہیں ہیں، وہ 25 سال سے اس کھیل میں ہیں، وہ سیاسی ڈرون حملہ کریں گے، ایسا سیاسی ڈرون ماریں گے کہ یہ سیاسی طور پر نابود ہو جائیں گے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات چیت کرنا چاہیے، 14-14 سال مردے اکھاڑنے والے مل سکتے ہیں تو جہانگیر ترین عمران خان تو دوست ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں، پاکستان کی امن کی کوششوں کو دنیا میں پذیرائی ملی ہے۔
Comments are closed.