سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کے سری لنکا نہ بننے کا دکھ ہے۔
گرین ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو فتنہ خان کہہ کر مخاطب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ میں فتنہ خان جلسہ کر رہا ہے، وہ ملک بھر سے اتنے بندے اکٹھے نہ کرسکا، جتنے یہاں گرین ٹاؤن کے جلسے میں ہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ کر بڑھانا پڑیں، آپ کو بتادوں یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں اتنی پتھر دل نہیں کہ کہوں آلو پیاز کے ریٹ پتا کرنے نہیں آئی، میں اسی لیے آئی ہوں اور آپ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے برا کیا، پھر معاہدے کی خلاف ورزی کرکے اور برا کیا، آئی ایم ایف اب معاہدے کے لیے ناک سے لکیریں لگوارہا ہے ، عمران خان نے خزانہ خالی کردیا ، آج پاکستان کے پاس کچھ نہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ جب بھی عوام تکلیف میں ہوگی، نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نکلے گی، وعدہ کرتی ہوں، عوام کو مسائل سے نکالنا ہماری ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کر کے نواز شریف اور شہباز شریف عوام کو بحرانوں سے نکالیں گے، عمران خان آپ کو جن مسائل میں چھوڑ کر گیا، پوری محنت سے انہیں ختم کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں آئی ایم ایف معاہدے کے باعث بڑھانا پڑیں، جو عمران خان نے کیا، اُسی نے عوام کو مشکل میں ڈالا، ہم مداوا کریں گے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے مجھے پتا ہے تیل کی قیمتیں آگے اور بڑھیں گی، دراصل اس نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کا پورا بندوبست کیا ہوا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے آٹے پر چینی پر سبسڈی دی، مجھے پتا ہے آج لوڈ شیڈنگ بھی ہے، ہم نے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، یہ بھی ختم کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جگہ جگہ جا کر حکومت کے خاتمے کا رونا روتا ہے، اگر ن لیگ نے چیلنجز میں حکومت لے لی تو نمٹنا بھی آتا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ 2018 میں جب الیکشن چرا کر مسلط ہوا تو اس نے خزانے پر بھی ہاتھ صاف کر لیا، آپ سے مدد مانگنے آئی ہوں کہ مسلم لیگ ن کا ساتھ دو۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو انگوٹھیوں کے بدلے فیکٹریوں کے گیٹ کھلوانا یاد تھا لیکن کارخانوں کے لیے تیل منگوانا یاد نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا پنجاب کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈالا، صوبے کو کٹھ پتلی عثمان بزدار کے حوالے کیا اور فرح گوگی کو 12 کروڑ عوام پر مسلط کردیا۔
Comments are closed.