مسلم لیگ ن کے رہنما، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آہستہ آہستہ وقت عمران خان کو بڑے اچھے طریقے سے بے نقاب کر رہا ہے۔
انہوں نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی عمران خان مزید بے نقاب ہوں گے۔
حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ سائفر پر آج آپ نے یو ٹرن لے لیا ہے، یہ سیاست نہیں ہے، انہوں نے ملک کا تماشہ بنا دیا ہے، یہ سب جھوٹ پر مبنی سیاست ہے، ذاتی مفادات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، یہ ان کی روایت ہے کہ ہر بات سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان آج تک توشہ خانے کا جواب نہیں دے سکے، فارن فنڈنگ کیس کا بھی آج تک جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کی کسی طرح اقتدار میں آنے کی کوشش ہے، یہ چیزیں ڈھکی چھپی نہیں رہیں گی، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ جب چاہیں جھوٹا بیانیہ بنا کر کہیں کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے، جب چاہیں کہیں کہ نہیں اب اس بیانیے سے پیچھے ہٹتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس طرح تو اسکول کے بچے نہیں کرتے جس طرح عمران خان اس ملک کے ساتھ کر رہے ہیں، یہ ملک ان تماشوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا ہے کہ اگر ملک آگے نہیں چلے گا، معیشت بحال نہیں ہو گی تو اس ملک میں کونسی سیاست ہو گی؟
مسلم لیگ ن کے رہنما، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا ہے کہ (اسی ماہ) نومبر میں آرمی چیف کی تعیناتی ہونی ہے، مجھے امید ہے کہ جو آئین اور قانون کے مطابق ایک سلسلہ ہے وہ آگے بھی چلے گا۔
Comments are closed.