وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی اور پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کی عدم تیاری کا بار بار اعتراف کرچکے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان لوگوں کی تعداد کم دیکھ کر چپ چاپ گھر چلے گئے، اب وہ پھر پورے ملک کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اب عدالتوں کو برا بھلا کہہ رہے ہیں اور پھر اگلے ہی دن اُن کے سامنے استدعا بھی کررہے ہیں، دراصل وہ خود کو بے نقاب کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پر امن احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے، ان کو یہ بات برداشت نہیں ہوتی، ان کے علاوہ کوئی حکمرانی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات سے کوئی بھی نہیں بھاگ رہا ہے، انتخابات جمہوری طریقے اور الیکشن کمیشن کی تیاری سے ہوں گے۔
شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی حکومت نے قرضوں اور مہنگائی کے بم گرائے، پاکستان سابق حکومت کے غلط فیصلوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔
Comments are closed.