پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق 25 مئی کو لانگ مارچ کیا جائے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں 25 مئی کو اسلام آباد میں ملوں گا، سری نگر ہائی وے پر دوپہر تین بجے کو ملیں گے، اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہم کسی صورت ان کو قبول نہیں کریں گے، جتنی دیر اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، ایکس سروس مین کو بھی اسلام آباد آنے کی دعوت دے رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ اسمبلیاں توڑنا اور الیکشن کی تاریخ ہے، بار بار کہا جاتا ہے جان کو خطرہ ہے، کوئی خطرہ نہیں ہے، دو دن پہلے تمام لوگ نکلیں ، حکومت کی جانب سے انٹر نیٹ اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے خلاف سازش کا آغاز گزشتہ سال جون میں ہوا، ہم نے پوری کوشش کی ہمارے خلاف سازش کامیاب نہ ہو، لیکن ہم کامیاب نہیں ہو سکے، یہ سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف کی گئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک ہر اعتبار سے آگے بڑھ رہا تھا، 2018 ہمیں ملک دیوالیہ ملا، ان کا تجربہ صرف کرپشن، کیسز ختم کرنےاور انتقام کا ہے، ان کے پاس نہ منصوبہ ہے نہ فیصلہ کرنے کی ہمت، یہ چاہتےہیں تیل، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کرے، یہ چاہتےہیں فوج پر سارا بوجھ پڑے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ عسکری قیادت سے مشورہ کرکے روس گیا تھا، امریکا کو بتایا گیا عمران خان ذاتی طور پر روس گیا، اس حکومت کی جرات نہیں روس سے سستا تیل یا گندم لے، کرپٹ ترین چور، منشیات فروش کابینہ کا حصہ ہیں، وزیراعظم اور اس کے بیٹے وزیراعلیٰ کو سزا ہونی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو وزیراعظم، وزیر اعلیٰ بنانا توہین ہے، شہباز اور حمزہ کے کیسز کا فیصلہ نہ ہونے دینا سازش کا حصہ ہے، آئی ایم ایف کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں، کوشش کر رہے ہیں ریلیف مل جائے، واضح ہوگیا اقتدار میں اپنے کیسز، نیب ختم کرنے آئے ہیں۔
Comments are closed.