پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر ن لیگ کے ساتھ ملنے اور ان کی بیوی کو بڑا عہدہ دیے جانے کا الزام عائد کردیا۔
خوشاب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے پوری زندگی میں کوئی بھی کام دیانت داری سے نہیں کیا، انہوں نے الیکشن میں دھاندلی کرنی ہے اور ان کے ساتھ لاہور میں بیٹھا ہوا ’مسٹر ایکس‘ بھی ملا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر بھی ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، اُس کی بیوی کو کوئی بڑا عہدہ دے دیا ہے انہوں نے تاکہ پیسہ بنایا جا سکے۔
عمران خان نے کہا کہ میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر ہمارے ملک میں سازش کی گئی، یہ چور کبھی بھی امریکا کے سامنے اپنے ملک کے مفادات کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک معاشرہ جو بڑے بڑے ڈاکوؤں کو اپنے اوپر بِٹھا دیتا ہے وہ تباہ ہو جاتا ہے، جب نواز، شہباز، زرداری اور فضل الرحمان جیسے لوگ ملک پر آ کر بیٹھ جاتے ہیں تو وہ ملک تباہ و برباد ہوجا تا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا، یہ لوگ دہشت پھیلا رہے ہیں کہ ہم ان کو قبول کر لیں، شہباز شریف، حمزہ شہباز، زرداری اور فضل الرحمان کان کھول کر سن لو ہم تہمیں کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ہم وہ لوگ ہیں جو کسی صورت امریکا کی غلامی نہیں کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جن سیاست دانوں کا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہے وہ کبھی ملک کے مفادات کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے، امریکا نے 22 کروڑ لوگوں کی توہین کی، امریکا میں جو شخص ضمانت پر ہو وہاں اس کو چپراسی بھی نہیں بناتے، مگر جس پر اربوں روپے کے کیسز ہیں یہاں پر اس کو ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے، قوم ان چوروں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی، ضمنی الیکشن میں ان لوٹوں کو شکست دینی ہے، ایک ٹیلی فون جس کا نمبر نہیں آتا، اس سے دھمکیاں دی جاتی ہیں، ضمنی الیکشن کے بعد حمزہ کا کام ختم ہو جائے گا۔
Comments are closed.