پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل کو ہماری ٹیم بات چیت کے لیے جائے گی، حکومت 14 مئی کے اندر اسمبلیاں تحلیل کردے تو ہم ایک تاریخ کو الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کہہ رہے ہیں پہلے بجٹ پاس کریں گے اس کے بعد الیکشن کروائیں گے، اس میں بد نیتی نظر آرہی ہے، بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے اسمبلیاں توڑنے کی ایک وجہ وفاق سے صوبوں کو فنڈز کی عدم فراہمی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پنجاب میں الیکشن کا کہہ چکی ہے، خیبر پختونخوا میں الیکشن کیلئے سپریم کورٹ جارہے ہیں، اگر آپ نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں نہ توڑیں تو پھر ہم دو صوبوں میں الیکشن کروائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں 186 ارکان نے پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دیا، سب کو پتا تھا ہم نے اسمبلی توڑنی ہے، پہلے ن لیگ والے کہتے تھے الیکشن کروانے ہیں تو اسمبلیاں توڑیں، جب ہم نے اسمبلیاں تحلیل کیں تو یہ الیکشن سے بھاگ گئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کی امید چلی گئی تو پاکستان کا حال سری لنکا سے بدتر ہو جائے گا، آپ کو ڈرا نہیں رہا، اپنا تجزیہ بتا رہا ہوں، اگر آپ 14 مئی کے اندر اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو ہم ایک تاریخ کو الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیر کو اسلام آباد، پشاور، لاہور میں لیبر ڈے پر ریلی نکال رہے ہیں، لاہور کی ریلی کی قیادت میں کروں گا، ریلی کا مقصد آئین بچاؤ پاکستان بچاؤ ہے۔
Comments are closed.