لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ جمعہ کو کے پی کے اور پنجاب اسمبلی توڑدیں گے، ملک کو 30سال سے لوٹنے والوں کو اوپر بٹھادیا گیاہے ، ہم سب کو خطرہ ہے کہ ملک ڈوب رہاہے، چوروں کا مسلط ٹولہ ملک کو تباہی کی طرف لے جارہاہے۔میرا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔
لبرٹی چوک پر تحریک انصاف کے پاورشومیں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی موجودگی میں آئندہ جمعہ 23دسمبر کوکے پی کے اور پنجاب اسمبلی توڑنے کا اعلان کرتاہوں،اسمبلیاں تحلیل کرکے ہم الیکشن کی تیاری کریں گے۔ ہم ملک کے لئے دو اسمبلیاں قربان کرتے ہیں۔
عمران خان کا کہناتھا کہ چاہتاہوں الیکشن کے ذریعے پی ڈی ایم کا نام ونشان مٹادوں،66فیصد ملک میں الیکشن ہوگا،قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہم اس ملک کو اٹھائیں گے۔عوامی طاقت رکھنے والی حکومت ہی پاکستان کو اٹھاسکتی ہے۔اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد قانون کے مطابق 90دن میں الیکشن ہوں گے۔قومی اسمبلی میں اسپیکرکے سامنے جاکر کہیں گے استعفے منظور کرو۔
ان کا کہنا تھاکہ مایوسی کا یہ عالم ہے کہ ساڑھے سات لاکھ پاکستانی ملک چھوڑگئے،موجودہ حکومت کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں،50سال میں اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، ہمارے دورمیں محنت سے لگائی گئی انڈسٹری بند ہورہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ نواز شریف اور شہباز شریف ملک کا دیوالیہ نکال کرباہر گئے،ان کی چھوڑی تباہ معیشت کو ہم نے سنبھالادیا،ہم نے امریکی ڈالر کے بغیر معیشت کو اٹھایا، لوگوں کو بیروز گارہونے سے بچایا،پاکستان میں اس وقت ڈاکو راج ہے۔
Comments are closed.