مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ پنجاب میں لاشوں کی سیاست ہو، ان کی یہ سیاست ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
عابد شیر علی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ آج جو بھی بجلی کی پیداوار میں کمی ہے اس کے ذمے دار عمران خان ہیں، ان کی وجہ سے قوم کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، بوکھلاہٹ میں مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کا نام لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان تم اخلاقی طور پر ہار چکے ہو، ہمارے امن پسند کارکن اپنے ووٹ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں، یہاں کوئی میچ فکسنگ نہیں، اب تمہیں یہاں سے کوئی ووٹ دلانے والا نہیں۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ الیکشن رولز پر عمل درآمد ہو، ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز پر تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی نے اپنے جعلی ووٹرز تیار کرائے ہوئے ہیں۔
عابد شیر علی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پاگئے ہیں، پاکستان کو ہم کبھی سری لنکا نہیں بننے دیں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں سستی ایل این جی کی ڈیل کی گئی، اس وقت بھی عمران خان نے واویلا مچایا کہ مہنگی ایل این جی لے رہے ہیں، آج بجلی مہنگی اور شارٹ فال ہے، اس کا جواب عمران خان دیں۔
عابد شیر علی نے یہ بھی کہا ہے کہ آج ایل این جی اور پیٹرول ان کی وجہ سے مہنگا ہوا ہے۔
Comments are closed.