
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ضمانت کیلئے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہونے کیلئے بنی گالہ سے روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل بکتر بند بھی جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پہنچائی گئی۔
خاتون ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کریں گے۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان اے ٹی سی کے باہر جمع ہیں۔
دوسری جانب عمران خان نے درخواست ضمانت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں دائر کردی، درخواست بابر اعوان اور علی بخاری کے ذریعے عدالت میں دائر کی گئی ہے۔
جج راجہ جواد عباس درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے انتقامی کاروائی کے لیے دہشتگردی کا مقدمہ بنایا گیا ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست منظور کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی 3 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
عدالتِ عالیہ نے عمران خان کو آج (25 اگست کو) متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ مارگلہ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
عمران خان کی پیشی سے قبل فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔
جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں، غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔
پولیس کے 400 اہلکار جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف تعینات کر دیے گئے۔
ایف سی اہلکار بھی سیکیورٹی انتظامات میں پولیس اہلکاروں کی معاونت کر رہے ہیں۔
Comments are closed.