جمعہ8؍ربیع الثانی 1444ھ 4؍نومبر 2022ء

عمران خان پر حملہ کرنیوالا 1 نہیں کئی لوگ تھے: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان پر حملہ جمہوریت اور ملک کے خلاف سازش ہے، ان پر حملہ کرنے والا ایک بندہ نہیں کئی لوگ تھے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ گرفتار شخص کا اعترافی بیان وائرل کیا گیا حالانکہ حملہ آور ایک سے زائد تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ لیاقت علی خان قتل ہوئے، بینظیر بھٹو شہید ہوئیں اس وقت بھی کہا گیا کہ ایک حملہ آور تھا۔

’’پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے کہ اصل مجرموں کو بے نقاب کرے‘‘

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے کہ واقعے کی تفتیش اور تحقیقات کرے اور پردے کے پیچھے موجود اصل مجرموں کو بے نقاب کرے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ اب مجھے یاد بھی نہیں رہتا کہ کون سی عدالت میں میرے خلاف کونسا کیس چل رہا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے ملزم نوید کا سچ جھوٹ جانچنے کے لیے اس کا پولی گرافک ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے اس ملک کو بچانا ہے اور بہتری کی طرف لے جانا ہے، ایک خاص سوچ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک دشمن سوچ اور جمہوریت دشمن سوچ چور دروازے سے اقتدار میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پوری دنیا میں پھری مگر کسی جگہ سے ان کو کوئی پیسہ نہیں ملا۔

سربراہ عوامی لیگ نے مزید کہا کہ چین کے چو ان لائی، لی شو پونگ جیسے لوگوں سے میرے تعلقات ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھے خصوصی دعوت پر چین بلایا گیا تھا لیکن شہباز شریف نے جانا تھا اس لیے میرا جانا مناسب نہیں تھا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، انہیں مزید اسپتال میں رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہو گا۔

واضح رہے کہ عمران خان گزشتہ روز وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.