پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک کے مختلف حصوں میں چیئرمین عمران خان سمیت دیگر کیخلاف درج توہین مذہب کے مقدمات کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے درخواست کچھ دیر بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتہائی فوری نوعیت کے مقدمات چھٹیوں میں بھی سننے کا سرکلر جاری کر رکھا ہے۔
ہائیکورٹ نے سرکلرجاری کیا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں بھی انتہائی فوری نوعیت کی پٹیشنز دائر ہوسکتی ہیں۔
شہباز گِل کی جانب سے ملک واپسی کیلئے حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات فوری واپس لیے جائیں۔
ایچ آرسی پی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں پر جو مقدمات سیکشن 295 اے کے تحت درج کیے گئے ہیں انہیں واپس لیا جائے۔
انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے کہا ہے کہ کوئی حکومت یا سیاسی پارٹی مخالفین کیخلاف توہین مذہب کا الزام بطور ہتھیار استعمال کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
واضح رہے کہ کراچی،فیصل آباد، اٹک، بورےوالا، گوجرہ میں توہین مسجد نبویﷺ پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمے میں عمران خان، فواد چوہدری، شیخ رشید، شہباز گل راشد شفیق، صاحبزادہ جہانگیر، انیل مسرت، نبیل مسرت، رانا عبدالستار سمیت 150افراد کو ملزم نامزد کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی عرب سے واپسی پر شیخ رشید کے بھتیجےراشد شفیق گرفتار کرلیا، سول جج مشتاق حسین کی عدالت نے شیخ راشد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈمنظورکرلیا گیا، راشد شفیق نے واقعہ کی ویڈیو پوسٹ کرکے عمران کو فاتح قرار دیا تھا۔
Comments are closed.