پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر سال ساڑھے 18 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کیے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہر شعبے میں ترقی کی شرح میں اضافہ رہا، ہمارے دور میں ریکارڈ برآمدات ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں سالانہ ساڑھے 18 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، ہمارے دور میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہوئی۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے استفسار کیا کہ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف کون لے کر گیا؟ اس وقت ملکی برآمدات 23 فیصد گر چکی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگ بیروزگار اور فیکٹریاں بند ہونا شروع ہو گئی ہیں، افراط زر اب 44 اعشاریہ 6 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
شوکت ترین نے مزید کہا کہ 4 ماہ کے دوران قرضوں میں 9 ٹریلین سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، یہ ملبہ دوسروں پر ڈالیں گے، حالات سے لگ رہا ہے کہ دسمبر میں پھر بجٹ آئے گا یا یہ حکومت چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔
Comments are closed.