پیر12؍رمضان المبارک 1444ھ3؍اپریل 2023ء

عمران خان نے پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی، شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا اور ملک کی ساکھ داؤ پر لگا دی۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا، چین کے منصوبوں پر سنگین الزامات لگائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران اور حواریوں نے کہا کہ چین کے منصوبوں میں 45 فیصد کرپشن ہوئی، چین نے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اسی پر بھونڈے الزامات لگائے گئے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بات چیت جاری ہے، برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی، ان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے، ان کے دور میں ججوں کو دھمکیاں ملیں، ریفرنس دائر ہوئے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا، ہماری نیت صاف ہے، حالات بہتر ہوں گے، وقت آئے گا حالات بدل جائیں گے، یہ میرا ایمان ہے، ملک کو سیلاب کی تباہ کن صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، 100 ارب روپے صرف وفاق سے سیلاب متاثرین کو دیے گئے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ریاست بچانے کے لیے سیاست قربان کر دی، پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے، پاکستان کو نقصان پہنچے تو ہم سب نقصان میں ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.