وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے 3 ملین ڈالرز ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگانے کا اعتراف کر لیا۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاکھوں ڈالرز کا خیراتی پیسہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگاتے ہوئے شوکت خانم اسپتال کے بورڈ سے منظوری بھی نہیں لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں پر چوری کا الزام لگانے والے نے خود خیرات کے پیسوں کی چوری کا اعترافِ جرم کر لیا، پاکستان کے عوام نے آپ کو اسپتال کے لیے زکوٰۃ کے پیسے دیے تھے، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے نہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جھوٹے، فراڈیے، توشہ خانہ اور زکوٰۃ چور کا کہنا ہے کہ توشہ خانے میں چوری کی تو کیا ہوا، ریاست کے 190 ملین پاؤنڈ کھا گیا تو کیا ہوا، بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر پنجاب کی ہر نوکری، ہر عہدہ بیچا تو کیا ہوا؟
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے فارن فنڈنگ کر کے ملک کے خلاف دشمنی کی تو کیا ہوا، ٹرسٹ کا پیسہ ہی تو کھایا ہے تو کیا ہوا، القادر ٹرسٹ کے نام پر 458 کنال اراضی رشوت لی تو کیا ہوا؟
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن کو چور کہتے ہیں، پاکستان کیا برطانیہ کی بھی کسی عدالت میں ان کے خلاف جھوٹے الزام ثابت نہیں کر سکے، عمران خان اِسی لیے عدالت میں پیش نہیں ہوتے، کیونکہ اگر ہوئے تو تمام جرائم کا اعتراف کرنا پڑے گا۔
Comments are closed.