پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے سوال اٹھایا ہے کہ عمران خان کا قصور کیا ہے؟ انہوں نے کوئی دہشتگردی کی ہے یا پھر ماڈل ٹاؤن میں قتل کروائے ہیں؟
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرح حبیب نے کہا کہ آپ نے مدینہ منورہ میں پیش آئے واقعے پر یہاں ایف آئی آر کاٹ دی، عمران خان نے ملک و قوم کی سلامتی، قومی غیرت اور ملکی خود مختاری کی بات کی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز کی سوائے جھوٹ، الزامات اور فساد پھیلانے کے کوئی پہچان نہیں، یہ وہ خاتون ہیں جنہوں نے پاکستان کے اداروں کے خلاف نعرے لگوائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایاز صادق نے اسمبلی میں جو کچھ کہا تھا اس کی مذمت کی تھی اور کرتے ہیں، شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں تسلیم کیا کہ خط میں دھمکی موجود تھی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ یہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ کرنے جارہے ہیں، آپ نے دو ماہ کا نہیں، چالیس سال کا حساب دینا ہے، مہنگی بجلی گھر انہوں نے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ گرینڈ ڈائیلاگ کی بات ہو رہی ہے، 13 جماعتیں تو مل کر بیٹھی ہیں، کون سے گرینڈ ڈائیلاگ کی باتیں کر رہے ہیں؟
فرخ حبیب نے کہا کہ عرب ممالک بھارت کی پروڈکٹس کا بائیکاٹ کر رہے ہیں، یہاں پر تھوڑی سی مذمت کے سوا کچھ نہیں آیا، مودی سے تعلقات کو چھوڑیں، بےحرمتی پر ایکشن لیں۔
Comments are closed.