منگل 22رجب المرجب 1444ھ14؍فروری 2023ء

عمران خان نے امریکا کو باعزت بری کردیا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے رجیم چینج بیانیے سے امریکا کو باعزت بری کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے جھوٹے کیسز بنائے، جھوٹے گواہ تیار کیے، آج جھوٹے گواہ کا بھانڈا پھوٹ گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور پوچھا کہ ہم کوئی غلام ہیں؟ امپورٹڈ حکومت، حقیقی آزادی، ایبسلوٹلی ناٹ جیسے نعروں کا کیا ہوا؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تمام بیانیوں کی موت ہوگئی، اب جنازہ پڑھ لیں اور تدفین زمان پارک لاہور میں کریں۔

ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کے اسٹیکرز اتارلیں، عوام کو اردو میں بتائیں کہ سب جھوٹ بولا تھا، دھوکا دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ (ن) رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے آئین پاکستان سے غداری کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے امریکا سے معافی مانگ لی ہے اور امریکی ڈر سے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔

مریم نواز نے پوچھا کہ جنرل باجوہ آپ کے دور اقتدار میں سپر کنگ تھے تو آپ کیا تھے؟

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اپنا ہاتھ ان سے کھینچ لیا، یہ اب عدلیہ کے گھوڑے پر سوار ہوکر آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.