وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے استفسار کیا ہے کہ عمران خان نے ارشد شریف سے کیوں کہا کہ باہر چلے جائیں؟
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان لوز ٹاک کرنے کے ماہر ہیں، پوچھتا ہوں پی ٹی آئی چیئرمین کے پاس ارشد شریف سے متعلق معلومات تھیں تو اس وقت کیوں نہیں بتایا؟
انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی لاش کو عمران خان اپنی گھٹیا سیاست کےلیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، مقتول سینئر صحافی نے جو موقف اپنایا ہوا تھا اُس کا فائدہ پی ٹی آئی چیئرمین کو ہوا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے ارشد شریف سے کیوں کہا کہ باہر چلے جائیں، سوال تو یہ بھی ہے کہ کیا یہ ارشد شریف کے لئے کسی اچھے ملک کے ویزے کا انتظام نہیں کرسکتے تھے؟
ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف پر مقدمات کے اندراج کے بعد میری ان سے ایک دو بار بات ہوئی تھی، میں نے سینئر صحافی سے کہا تھا کہ مجھ سے ملیں ہم آپ کی مدد کو تیار ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں انکوائری کمیشن کو 1 ماہ میں رپورٹ دینا چاہیے، اگر انکوائری کمیشن کو کینیا کا دورہ کرنا پڑا تو ہوسکتا ہے وقت لگ جائے۔
Comments are closed.