مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نیاز ی کو زیادہ ہی شوق ہے تو پرانے ساتھیوں کے پاس بھارت چلا جائے۔
شہباز شریف نے اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کیا۔
اجلاس میں ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی، جس میں 26 مارچ کو راولپنڈی میں تاریخی جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوران اجلاس ن لیگ کے لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، شہباز شریف نے تمام عہدیداروں کو مکمل تیاری کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نیازی بھول گئے جب ہمارے 6 ایم پی ایز سے ملاقات کی تھی، آپ نے اُن کا کیا کرنا ہے؟
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی عظیم مقصد کے لئے تحریک عدم اعتماد پر ساتھ دے رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دیں۔
ن لیگی صدر نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی کو بھارت کا زیادہ ہی شوق ہے تو اپنے پرانے ساتھیوں کے پاس چلا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو اگلے 3 دن میں بھرپور تیاری کی ہدایت کی اور کہا کہ نواز شریف نے ججوں کی بحالی کے لئے بہت بڑا جلوس نکالا تھا، کارکن بھرپور تیاری کے ساتھ نکلیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اپنے بچوں اور 22 کروڑ عوام کے لئے یہ جنگ لڑنی ہے، عدالت عظمیٰ کے شکر گزار ہیں، انہوں نے ریڈ زون جلسہ کرنے سے منع کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی 4 سال سے چور چور کا شور مچاتا رہا ہے، اب آپ گھروں سے نکلیں اور لوگوں کو بتائیں یہ چور اور ڈاکو ہیں۔
Comments are closed.