وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان نااہل، نالائق اور جھوٹا ہے، اگر وہ لاڈلا ہے تو قانون میں تبدیلی کر دیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ ان کو خصوصی ٹریٹمنٹ دیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل سڑکوں پر جو کیا گیا ہے کیا اس پر قانونی کارروائی ہوگی، اگر یہ جائز ہے تو سب کو اجازت دی جائے، یہ پہلا موقع نہیں الیکشن کمیشن نے بہت سے رہنماؤں کو نا اہل قرار دیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا، عدالت ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل پر فیصلہ کب دے گی، ان کو کب انصاف ملے گا، ذوالفقار علی بھٹو مقبول عالمی لیڈر تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سب کو چور اور ڈاکو کہنے والا خود نااہل قرار پایا ہے، الیکشن کمیشن نے ان کو کرپٹ پریکٹسز پر نااہل کیا، الیکشن کمشنر کی تعیناتی انہوں نے خود کی تھی، تمام ممبران نے متفقہ فیصلہ دیا کہ عمران خان صادق اور امین نہیں، اب ثاقب نثار کا جعلی سرٹیفکیٹ بھی ختم ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے تحائف چھپائے اور ان کو بیچا، دیکھنا ہو گا عمران خان کو بھی نااہل برقرار رکھا جاتا ہے یا ختم کرتے ہیں، اگر قانون توڑنے پر عمران خان کے خلاف کارروائی نہیں کرنی تو کسی کے خلاف نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے بہت کوشش کی کہ پاکستان گرے لسٹ میں ہی رہے، فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کل باہر نکل آیا، اس کا کریڈٹ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے۔
Comments are closed.