بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان شہباز گل کی رہائی کیلئے ریلی کی قیادت کریں گے، بابر اعوان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ مائنس عمران خان کہنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، شہباز گل کے لیے تحریک انصاف متحد ہے، کل عمران خان شہباز گل کی رہائی کیلئے ریلی کی قیادت کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ ہم کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنے دیں گے، کسی کو بیان دلوانے کیلئے ٹارچر نہیں کیا جا سکتا، حکومت نے مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلئے عمران خان کے خلاف مہم شروع کی ہے، حکومت کا خیال ہے ریفرنس بھیجا جائے گا جس سے عمران خان کی نا اہلی ہوسکتی ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ حکومت کے پرچوں کو تب اہمیت ملے گی جب وہ سپریم کورٹ جائیں گے، کسٹوڈین ٹارچر کی اتنی بھیانک واردات اس سے پہلے پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی، اس سے زیادہ گھناؤنی واردارت کسٹوڈین ٹارچر کی نہیں ملتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ذاتی رائے تحریک انصاف کی پالیسی نہیں، شہباز گل تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں، شہباز گل نے تحریک انصاف کیلئے سب کچھ قربان کردیا۔

بابر اعوان نے کہا کہ راتوں رات پمز کا میڈیکل بورڈ تبدیل کردیا گیا، رپورٹ بدل دی گئی، ٹارچر کا مقصد شہباز گل کو عمران خان کےخلاف مجبور کرنا تھا، عمران خان شہباز گل سے ملاقات کے لیے اسپتال جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل استاد ہیں، پڑھے لکھے آدمی ہیں، اگر آداب ملحوظ خاطر نہ ہوتے تو بتاتا شہباز گل کے ساتھ کیا ہوا ہے، ملک میں اخلاقی مقدمے درج ہوئے، منشیات برآمدگی کے مقدمے بھی درج ہوئے لیکن ایسا سلوک نہیں ہوا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.