وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی الزائمر کے مرض میں مبتلا ہیں، اقتدار کی ہوس میں یہ شخص اندھا ہوچکا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ضمنی الیکشن جیتنے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ الرٹس جاری کرکے الیکشن کا مطالبہ کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان 4 سال اس ملک پر مسلط رہا، ضمنی الیکشن میں کراچی اور ملتان میں آپ کے خلاف ریفرنڈم آیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھی، جب آپ نے مریم نواز، حمزہ، سعد رفیق کو گرفتار کیا تو اس وقت انسانی حقوق کی باتیں کہاں تھیں؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں کئی بار آرمی چیف تعینات کیے، نواز شریف آئین و قانون کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کا حق رکھتا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے بعد حکومت کے پاس 176 نشستیں ہیں، عمران خان نے 8 نشستوں پر ضمنی انتخاب لڑ کر پی ٹی آئی کی 8 نشستیں کم کر دیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو قرض آپ نے لیا اتنا کسی نے نہیں لیا، آپ نے تمام دوست ممالک کو ناراض کر دیا، آپ سمجھتے ہو عوام یہ باتیں بھول جائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کہتے ہو اعظم سواتی کے ساتھ کیا ہوا؟ جو گزشتہ چار سال تم نے کیا، تب تم نے خطوط کیوں نہ لکھے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جاوید لطیف کی 90 سالہ والدہ پر کیس بنا دیا کہ انہوں نے کرپشن کی ہے، آج تمہاری عزت نفس کو تکلیف ہو رہی ہے، تمہاری اشتعال انگیزی کی وجہ سے افواج پاکستان میں بغاوت کے سبق دیےگئے، سیلاب کی صورتحال میں فوج کے جوان جانیں بچا رہے ہیں، کہتے ہو آرمی چیف کی تعیناتی نواز شریف نہیں کرسکتا، تم ایک تعیناتی کی وجہ سے ترلے منتیں اور پاؤں پکڑ رہے ہو۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شوق ہے تو پارلیمان میں آؤ، آج الحمداللّٰہ شہباز شریف کے پاس 176 سیٹیں ہیں، اگر حکومت لانی ہے تو 6 سیٹوں سے یلغار کرنے سے نہیں آئے گی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ تم جیسا ڈاکو، فراڈ چور کسی قسم کی تعیناتی کرنے کے قابل نہیں، جس نے ملکی مفاد اپنی بیگم کے چند ہیروں کے عوض بیچے ہوں، عمران خان صاحب، تم کسی قابل نہیں ہو، بات کرتے ہو نواز شریف کی، جس نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، اس نواز شریف کی بات کرتے ہو جس نے 14ہزار میگا واٹ بجلی بنائی، جس نے مہنگائی کو 2.6 فیصد پر رکھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تم جیسا منی لانڈرر فراڈ، جس نے فراڈ کرکے ملک کو تباہ کردیا، چار سال تمہارے فتوے اور سبق کہاں تھے؟ آج تم بھاشن دیتے ہو، تم نے ملک میں چار سال مہنگائی کرکے عوام کا گلا گھونٹا، شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، عوام بہت شعور رکھتے ہیں۔
Comments are closed.