وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان سیاست کےلیے لاشیں چاہتا ہے جو ہم دینا نہیں چاہتے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان چاہتا تھا کہ 5 یا 8 ورکرز مریں لیکن ایسا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم لاشیں عمران خان کو دینا نہیں چاہتے کیونکہ وہ لاشوں پر سیاست کرنا چاہتا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ گرفتاری کا معاملہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ہوتا آیا ہے، عمران خان کو مخصوص انصاف اور ریلیف میسر ہے جو ہمیں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عدلیہ سے ریلیف مل رہا ہے، ہمیں تو نہیں ملا، ہمارا بیانیہ کمزور نہیں اس میں چھوٹی موٹی کمزوری ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ہمارے ساتھ کبھی بات چیت کرنے کو تیار نہیں ہوئے، پی ٹی آئی چیئرمین نے جو شو کیا ہے، اسے پذیرائی نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ساڑھے 3 ہزار سے زائد لوگ عمران خان کی حمایت میں نہیں نکلے، لاہور میں 700 سے زائد بندے نہیں نکلے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کو سزا دینے کےلیے قانو ن کا فلسفہ تبدیل کیا گیا، آج بھی مختلف عدالتیں مختلف طریقوں سے عمران کو ٹریٹ کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب دیکھیں گے نواز شریف کو انصاف مل رہا ہے تو وہ واپس آجائیں گے، میرے خیال میں ن لیگی قائد جلد پاکستان آجائیں گے۔
Comments are closed.