اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہیں اور وہ جادو ٹونہ کے ذریعے ملک چلا رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک میں اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، عمران خان آئین کو روند کر آئے ہیں، عمران خان جادو ٹونہ کے ذریعے ملک کو چلا رہے ہیں، جنتر منتر سے پیٹرول اور آٹا سستا کیوں نہیں کرتے؟
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہیں، عمران خان کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، وہ آئینی وزیراعظم ہیں نہ منتخب، وہ سلیکٹڈ ہیں، عمران خان کو بڑے بڑے کرپشن اسکینڈلز اور نااہلی کا جواب دینا پڑے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا، آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگیا ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر جیل کاٹنی پڑتی ہے، جلاوطن ہونا پڑتا ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر اٹک قلعہ میں جانا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ڈرانے والے بھول میں ہیں، درخواست کو پڑھ کر لگا جیسے بچے ڈر رہے ہیں، گرفتاری سے ڈرتی ہوں نہ نیب سے، مجھے گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا، درخواست دینے والا اتنا سپر انٹیلی جنٹ کون ہے، اس درخواست گزار کا چہرہ قوم کو دکھایا جائے، درخواست دینے والے کو 21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔
Comments are closed.