وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ایبسولوٹلی فراڈ شخص قرار دے دیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے یوٹرن پر عقل بھی دنگ رہ جاتی ہے، یہ جھوٹا شخص 4 سال ملک کے اقتدار پر قابض رہا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کل سے کہہ رہے ہیں کہ آڈیو لیک کے خلاف عدالت جا رہا ہوں، پوچھتی ہوں عدالت جانے کا کیا مقصد ہے؟
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اس معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بن چکی ہے، اب عمران خان اس کے سامنے پیش ہو، دراصل پی ٹی آئی چیئرمین اپنی چوری چھپانے کےلیے دوسروں پر الزام لگاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر پر کھیل کھیلو، اس کے منٹس سے کھیلو، اس میں جعلی سازی کرو، عمران خان ایبسولوٹلی فراڈ شخص ہے، یہ کرپٹ، منافق، جھوٹا اور فارن فنڈڈ ایجنٹ ہے، اس کے عدالت نہیں بلکہ جیل جانے کا وقت آگیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے لوگوں کو ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا جھانسہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ جب خود وزیراعظم تھے تو کہتے تھےکہ ریکارڈنگ ہونی چاہیے، عمران خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو وزیراعظم ہاؤس کے باتھ روم میں بند کیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیا ہے، فارن فنڈنگ لینے والا فتنہ صبح، دوپہر اور شام جھوٹ بولتا ہے، صدرِ پاکستان عارف علوی نے بھی اسے جھوٹا قرار دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سازش بے نقاب ہوتی ہے تو اس کا دماغی توازن کھو جاتا ہے، یہ شخص جھوٹ بولتا ہے اور عوام کو گمراہ کرتا ہے۔
Comments are closed.