جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ کار شاہ زیب خانزادہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیانات قابل افسوس ہیں، عمران خان اپنی بقا کو ملک کی بقا سے منسلک کررہے ہیں۔
جیو نیوز پر عمران خان کے بیان پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے شاہ زیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار میں آنے کے لئے بہت بے تاب ہورہے ہیں، عمران خان بےتاب ہونے کے ساتھ فوج پر فرسٹریٹ بھی ہو رہے ہیں۔
شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں جمہوری حکومت کیخلاف مداخلت کر کے اسےختم کریں اور انہیں 2018 کی طرح اقتدار میں لائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نقشہ پیش کررہے ہیں کہ پاکستان بینک کرپٹ ہوجائے گا، خان صاحب کے قریبی لوگوں کو عمران خان کو سمجھانا چاہئے۔
علاوہ ازیں سابق صدر آصف زرداری نے بھی عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا۔ یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے، ملک کے تین ٹکڑے کرنے کی خواہش ہمارے اور ہماری نسلوں کے جیتے جی پوری نہیں ہوسکتی۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلئیر اثاثے چھن جائیں گے اور ملک کے تین ٹکڑے ہو جائیں گے۔
Comments are closed.