وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کے کارکن امریکی غلامی کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں اور وہ امریکا کے پاؤں پکڑ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں عمران خان نام نہاد’بیرونی سازش‘ کا بیانیہ بنا کر سیاست کر رہے تھے، اب یوٹرن لے کر امریکی قانون سازوں کی منت سماجت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خبر کے مطابق عمران خان نے ایک ماہ کے اندر 4 امریکی کانگریس مین سےحمایت کی درخواست کی، انہوں نے موجودہ امریکی انتظامیہ پر الزامات لگا کر ملکی سفارتی تعلقات اور مفادات کو داؤ پر لگایا۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ امریکی غلامی اور امریکی سازش کے نعرے لگائے، لوگوں کو امریکا کے خلاف ورغلایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب اپنے تعلقات ٹھیک کرنے اور حکومت میں آنے کے لیے اسی امریکی انتظامیہ کی حمایت مانگ رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کر کے بائیڈن انتظامیہ کو قائل کر رہے ہیں کہ عمران خان اور تحریک انصاف امریکا مخالف نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، انتخابات پر امریکا سے مداخلت کا مطالبہ کرنا قابل مذمت ہے۔
Comments are closed.