عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان آرمی کے بارے میں بیان دیتے ہیں، یہ ان کی پارٹی کی پالیسی ہے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میں تمام اداروں کے ساتھ صلح کا حامی ہوں، نہ میں اداروں کے خلاف تھا اور نہ ہوں گا، ملک ہے تو یہاں سیاست ہے اور ادارے ہیں، سیاست عمران خان کے ساتھ کر رہا ہوں، عمران خان کےساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ اب آپ بات چیت کی آفر کر رہے ہیں، گندا پانی اور صاف پانی نہیں مل سکتے، عمران خان کہہ رہا ہےکہ آئیں بیٹھیں اور الیکشن کی تاریخ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہتا ہے اصلاحات کرتے ہیں لیکن الیکشن کی تاریخ دیے بغیر یہ نہیں ہو سکتا۔
شیخ رشید احمد نے اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سارے کیسز ختم ہو چکے ہیں، انہوں نے اپنے کیسز ختم کرائے ہیں، شکست ان کا مقدر ہے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزرا اور مشیران کی تعداد پر آئینی درخواست دائر کرنے جا رہا ہوں، جتنے وزیر و مشیر انہوں نے رکھے ہیں ان کا پاکستان میں کوئی ریکارڈ نہیں، ان کےپاس کوئی منصوبہ بندی نہیں، غریب مر رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان کی سیاسی ساکھ راکھ بن چکی ہے،شیخ رشید اس حکومت کا الٹرا ساؤنڈ ہو چکا، ایکسرے رپورٹ ہر گھرمیں پہنچ چکی۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اربوں روپے دیتے ہیں، درخواست دائر کی ہے ان کو ووٹ کا حق دیا جائے۔
Comments are closed.