
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ڈبل شریفوں نے اپنے دور میں جو پاکستان کے ساتھ کیا ہے شاید کسی نے نہیں کیاہوگا، ڈبل شریف کے دھندے کو پی ٹی آئی نے بے نقاب کیا۔
ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کرپشن کے خاتمے کامنڈیٹ لے کر آئی ہے، ڈبل شاہ اب ڈبل شریف بن گئے ہیں اور ہم پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے ملازمین کے اکاونٹ سے اربوں روپے گھمائے گئے، سترہ ہزار ٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں، منی ٹریل مل گئی ہے، دوسروں پر الزام نہ لگائیں خود کو دیکھیں۔ یہ کرپشن میں ایک دوسرے کے پارٹنر ہیں ایک دوسرے کی کرپشن چھپاتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 1973ء میں نیشنلائزیشن کا آغاز ہوا اور بڑے گروپس سرمایہ لے کر پاکستان سے باہر گئے، پاکستان کے کاروباری حلقے آج تک پالیسیوں پر بھروسہ نہیں کرتے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ کورونا وباء میں کئی ممالک کی معیشت کو نقصان ہوا، پاکستان نے کوروبا وباء میں اپنی معیشت کا زیادہ نقصان نہیں ہونے دیا، جو لوگ پاکستان کو اس وقت دیوالیہ کہہ رہے ہیں اور ہمارے لیے مشکلات پیدا کررہے ہیں یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری آئے۔
دوران گفتگو عمران اسماعیل نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کے لیے شعر لکھا ہے جو کچھ یوں ہے:
’تم سے انوگریشن بھی کرالیں گے تم آؤ تو سہی‘
’تمہیں جیل میں بھی ڈالیں گے تم آو تو سہی‘
اس موقع پر ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ یہ منی بجٹ نہیں یہ ریفارمز بجٹ ہے، اس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگ رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اب ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جارہی ہے، ٹیکسٹائل کو سستی بجلی دینے جارہے ہیں، علم ہے گیس نہیں آرہی، ماضی میں گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صنعتکار کہتے ہیں کہ عام آدمی اور فرٹیلائزر کی گیس بند کردیں۔
Comments are closed.