جنگ اور جیو گروپ کے صدر عمران اسلم مختصر علالت کے بعد آج مقامی اسپتال میں 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کے انتقال سے پاکستان کے شعبہ صحافت کا ایک درخشاں باب اختتام پذیر ہوا۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی ملک بھر سے صحافت، میڈیا برادری سمیت تمام دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اظہار تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جنگ اور جیو گروپ کے صدر عمران اسلم کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عمران اسلم پاکستان کی صحافتی برادری میں نمایاں مقام رکھتے تھے، پاکستان میں میڈیا کی ترقی کے لیے عمران اسلم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم کے حق میں دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ اور دیگر سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ (آمین)
سابق صدر آصف علی زرداری نے جیو اور جنگ گروپ کے صدر عمران اسلم کے انتقال پر ان کے خاندان اور جنگ گروپ انتظامیہ سے تعزیت اور اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی جنگ اورجیو گروپ کے صدرعمران اسلم کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران اسلم کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، وہ شاندار صحافتی کیریئر کے مالک تھے۔ مرحوم کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمران اسلم کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحافتی اور ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان نے بھی عمران اسلم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں جیو اور جنگ گروپ کے صدر کے انتقال پر بہت افسردہ ہوں، ان کی صحافت کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے جنگ، جیوگروپ کے صدر عمران اسلم کےانتقال پر اظہار تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران اسلم کی میڈیا انڈسٹری میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
Comments are closed.