پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرانی فتنہ احتجاج کے نام پر ایک بار پھر فساد کی دھمکیاں دے رہا ہے، اس کے چہرے سے نقاب اتر گیا، اصلی چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے، اب عوام ان کے مزید دھوکے میں نہیں آنے والے ہیں۔
جاتی امرا میں مریم نواز سے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ وفاق میں پی ڈی ایم کی حکومت ہے، پنجاب میں بھی اتحادی جماعتوں کی حکومت چل رہی ہے، ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مہنگائی اور دیگر مسائل کا تمام قومی سیاسی جماعتوں نے مل کر مقابلہ کرنا ہے، ایک پارٹی تنہا ملک کو مسائل کی دلدل سے نہیں نکال سکتی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمرانی حکومت پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرکے گئی، ہم دنیا سے کٹ کر زندگی نہیں گزار سکتے، ملکی استحکام کے ساتھ ملکی وقار بھی ہمیں عزیز ہے۔
اس موقع پر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پی ڈی ایم کو بحرانی حالات میں حکومت کا کوئی شوق نہیں تھا، عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مفاد کے لیے عمران خان کو اقتدار کی کرسی سے اتارنا ناگزیر ہوچکا تھا۔
Comments are closed.