وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ عمرانی فتنے کو اب ختم کرنا ہوگا، اسٹیٹ کو اس کا مدعی بننا پڑے گا، وزیراعظم سے درخواست کرتا ہوں عمرانی فتنہ پروان چڑھ رہا ہے، اگر مقدمات درج کروائیں گے تو فتنہ مزید پھیلے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ وزیراعظم سے گزارش ہے قوم کی آواز بنیں،مقدس مقامات کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات پر اونچی آواز میں بات کرنا کسی طرح مناسب نہیں، انہوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسجد نبوی ﷺ کی بے حرمتی کی، شیخ رشید نے وزیراعظم کے دورے سے پہلے بتا دیا وہاں کیا کچھ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمرانی فتنہ کہتا ہے چاند رات کو موٹر سائیکلوں پر پارٹی پرچموں کیساتھ نکلیں، ملک میں کبھی سرکاری سطح پر دو عیدیں نہیں منائی گئیں، آج خیبر پختونخوا میں سرکاری طور پر عید منائی جا رہی ہے۔
جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کر کے عمرانی فتنے کا خاتمہ کرنا ہوگا، یہ لوگ فساد پیدا کر کے خونریزی کرنا چاہتے ہیں، کوئی بھی شخص مقدس مقامات کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتا، حکومت کی ذمہ داری ہے عمرانی فتنےکی سازش میں ملوث ہاتھ بے نقاب کرے، یہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، یہی غیر ملکی سازش ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اس مذہبی جنونیت سے میرے اور آپ کے گھر محفوظ نہیں رہیں گے، ہمارے مذہبی عقائد سے کھیلنے والے کو روکنا ہوگا، یہ کل تک کہتے تھے کہ فرح بی بی سے ان کا کوئی تعلق نہیں، آج ان کی اعلیٰ قیادت نے فرح کا دفاع کیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ میرے علاوہ کابینہ کے بہت سے لوگ ان کے انتقام کا نشانہ بنے ہیں، آپ کا علم محدود ہے، آپ مذہب کے معاملے پر بات نہ کریں، پی ٹی آئی کے لوگوں نے گالیاں دیں، مارکٹائی کی پھر کہا منصوبہ بندی سے نہیں ہوا۔
Comments are closed.