مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان، ان کے وزراء اور نیب کے چیئرمین نے تاریخ کبھی نہیں پڑھی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سماعت کے بعد مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں کیمرے لگنے چاہئیں تاکہ عوام کو کیسز کی نوعیت کا معلوم ہو۔
انہوں نے کہا کہ دکھ ہے کہ اس ملک میں انصاف کے نظام میں نہ ڈاکٹروں کی سنی جاتی ہے، نہ انہیں انصاف ملتا ہے، کیسز میں اربوں روپیہ حکومت کا خرچ ہو چکا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کا کوئی عمل نہیں ہے، کیسز کے ذریعے سیاست کو موڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایل این جی کیس میں ہمارے خاندان کے 13 افراد کو ملوث کیا گیا، اس کیس کی حقیقت اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح کر دی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ نیب کے افسران کو کیس کی تفصیل پڑھ لینی چاہیئے تاکہ انہیں حقیقت معلوم ہو جائے، حکومت کو 3 سال ہو گئے اور انہیں کوئی ایک معاملہ ہمارے خلاف نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کو چلانے والے آج بضد ہیں کہ ہم نے احتساب کا عمل کرنا ہے، ہر ہفتے حکومت کا ایک نیا اسکینڈل سامنے آتا ہے۔
رہنما نون لیگ نے مزید کہا کہ نیب جرم اور حکومت کے اسکینڈل چھپانے کا ادارہ ہے، چیئرمین نیب کی کارکردگی بتاتی ہے کہ یہ ناکام چیئرمین ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزراء کھل کر کہتے ہیں کہ یہ انہوں نے کام کیا مگر نیب کچھ نہیں کرتا، آئین کی نفی کر کے ان کو جمہوریت یاد آتی ہے۔
Comments are closed.