جمعہ 18؍ذوالحجہ 1444ھ7؍جولائی 2023ء

علی ترین کا اپنے چچا عالمگیر ترین سے متعلق بیان سامنے آگیا

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے اپنے چچا عالمگیر ترین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

گزشتہ روز عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی تھی، خودکشی کے وقت عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں تھے۔

جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے اپنے چچا عالمگیر ترین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

علی ترین نے  کہا کہ ’عالمگیر چچا اپنے اصولوں پر زندگی گزارنے کے قائل تھے، وہ بہت پرکشش طبیعت کے مالک اور ایک آزاد روح تھے، کرکٹ، بزنس یا چاہے پھر زندگی ہی کیوں نہ ہو وہ ہر میدان میں چیلنج کا ڈٹ کر سامنا کیا کرتے تھے۔‘

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے تحریر میں خودکشی کی وجہ اپنی بیماری بتائی۔

جہانگیر ترین کے صاحبزادے نے اپنے چچا سے متعلق مزید لکھا کہ ’جو لوگ ان کو قریب سے جانتے تھے ان کیلئے عالمگیر ترین کا اچانک انتقال کرجانا ایک ناقابلِ برداشت غم ہے، اللّٰہ ان کی مغفرت فرمائے۔‘

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔

63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.