پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے طبیعت کی خرابی کی شکایت کی تھی۔
علی امین گنڈا پور کو طبی معائنہ کےلیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہر امراض دل، میڈیکل اسپیشلسٹ اور نیورو سرجن نے انکا طبی معائنہ کیا۔
ایس ایچ او تھانہ صدر کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کا مکمل طبی معائنہ کروایا گیا، طبی معائنے اور ٹیسٹ کے بعد علی امین کو دوبارہ تھانہ صدر منتقل کردیا گیا۔
ادھر صدر پی ٹی آئی یوتھ ونگ فرحان نثار کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو دل کی تکلیف ہے مگر دوبارہ حوالات بھیج دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو سینے میں درد کی شکایت ہے، انہیں فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور داجل چیک پوسٹ ہنگامہ آرائی کیس میں حراست میں ہیں، آج علی امین گنڈا پور کو اے ٹی سی سرگودھا میں پیش کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے دہشت گردی کی دفعہ ختم کرکے کیس سیشن کورٹ منتقل کردیا۔ پولیس صبح علی امین گنڈا پور کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرے گی۔
Comments are closed.