وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کی آڈیو سنا دی۔ آڈیو لیک میں علی امین گنڈاپور ایک شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کا کہہ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ہوتا تو گرفتار کر لیتے، کسی بھی آپریشن کی کامیابی کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ اسے آن ایئر نہ کیا جائے، لانگ مارچ کے خلاف رد عمل دیں گے، عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے اختیارات آئین میں درج ہیں، عمران خان نے کچھ لوگوں کو تو گمراہ کیا ہوا ہے، تیرا رکنی کمیٹی صرف تمام صورتحال پر غور کرنے کیلئے بنائی گئی ہے۔
رانا ثنا نے کہا کہ پرویز الہٰی خاموش ہیں، انہیں خبر لینی چاہیے، مذاکراتی کمیٹی کا مقصد ہر ڈویلپمنٹ پر نظر رکھنا ہے، عمران خان کو ہماری طرف سے مذاکرات کی کوئی پیش کش نہیں کی گئی، یہ بندوقیں اکھٹی کر رہے ہیں فتنہ فساد کر رہے ہیں، پی ٹی آئی بندوقیں اکٹھی کر رہی اور حکومت ان سے مذاکرات کرنےجائے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، اسلام آباد آکر جلسہ کرنا ان کا مقصد نہیں، سپریم کورٹ کی متعین جگہوں پر دھرنا دینا بھی اس کا مقصد نہیں، ان کا مقصد لاشیں گرانا، الجھاؤ پیدا کرنا اور تشدد ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ شخص عوام کو قانون نافذ کرنے والے اداروں سے الجھانا چاہتا ہے، قوم کو ادراک کرنا چاہیے یہ فتنہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، اس پر اگر ہم کوئی قدم اٹھاتے ہیں تو پھر یہ آواز نہیں آنی چاہیے کہ پر امن احتجاج ہے۔
رانا ثنا نے کہا کہ یہ بندہ تو آئین کو مانتا ہی نہیں جمہوریت کو تسلیم ہی نہیں کرتا، ہم ہر قیمت پر اسلام آباد میں تمام شہریوں، املاک کی حفاظت کریں گے، کے پی حکومت ان دونوں افراد اور جن کو یہ اکٹھا کر رہے ہیں ان کو فوری گرفتار کرے، پنجاب حکومت کو بھی معلومات فراہم کی ہیں کل بھی عمران خان کے ساتھ مسلح لوگ شامل تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گجرات میں بھی مخصوص حالات اور سیاست کی وجہ سے بندوقیں جمع ہو رہی ہیں، پنجاب حکومت اور پولیس ایسے لوگوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کرے، چیف سیکریٹری اور آئی جی نے ان لوگوں کو گرفتار نہ کیا تو آپ ذمہ دار ہوں گے۔
Comments are closed.