پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علیم خان گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان اور عثمان بزدار کے ساتھیوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالےجائیں۔
علیم خان گروپ کے رہنما شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ غیر سیاسی مشیروں اور بیوروکریٹس کے نام بلیک لسٹ میں ڈالے، فرح گجر کی طرح کرپشن کرنے والا کوئی اور ملک سے فرار نہ ہونے پائے۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے ملک سے بھاگے تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے، شہباز گل، شہزاد اکبر اور ان جیسے دیگر چیلوں کا اس ملک سےکوئی تعلق نہیں ہے۔
علیم خان گروپ کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں ہر عہدے کی بولی لگی، بزدار نے سیٹوں کی نیلامی کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عمران اور بزدار کے فرنٹ مین سامنے آ چکے، انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ کرائے کے ترجمان بوریا بستر سمیٹ لیں، عوام کے ہاتھ اُن کے گریبانوں پر ہوں گے، عمران خان کی کرپشن اور مس مینجمنٹ سامنے آ چکی، اب جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں آئینی، سیاسی بحران کی ذمہ دار بھی پی ٹی آئی ہے، پنجاب میں عمران خان کی وجہ سے پی ٹی آئی مختلف گروپوں میں تقسیم ہوچکی۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ علیم خان گروپ کا کوئی رکن کسی قیمت پر پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دے گا۔
Comments are closed.