گزشتہ دنوں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ سعد رضوی کی دعوتِ ولیمہ میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سعد رضوی کی دعوتِ ولیمہ آج لاہور کے سبزہ زار اسٹیڈیم میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں شرکت کے لیے ٹی ایل پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی ہے۔
امیرِ تحریکِ لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی 2 روز قبل اپنے ماموں کی صاحبزادی رابعہ بی بی سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
شادی کی تقریب ان کے آبائی گاؤں نکہ کلاں اٹک میں ہوئی، ان کا نکاح سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے پڑھایا۔
شادی کی تقریب سادہ اور مختصر تھی جس میں صرف قریبی عزیز اور رفقاء کو مدعو کیا گیا تھا۔
نکاح کے لیے سعد حسین رضوی نے سفید لباس کے ساتھ اپنے روایتی عمامے کا انتخاب کیا تھا۔
سعد رضوی کی جانب سے نکاح کے موقع پر مقرر کی گئی حق مہر کی رقم 11 ہزار روپے ادا کی گئی، اس موقع پر سعد حسین رضوی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے تھے۔
شادی کی تقریب میں خاندان، قریبی رشتے داروں اور تحریکِ لبیک پاکستان کی مجلسِ شوریٰ سمیت کارکنان نے شرکت کی تھی۔
Comments are closed.