ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب، عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ ہاﺅس کا ریکارڈ غائب کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف سامان چوری کرانے کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدار صاحب یہ کسی کے باپ کا مال نہیں سرکاری ریکارڈ ہے، بزدار صاحب سنا ہے آپ دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کی درخواستیں کر رہےہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آپ نے تو عمران خان کے ساتھ کھڑے نہیں ہونا تھا، اگر آپ معصوم ہیں تو لیب ٹاپ، کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کیوں کی؟ وزیراعلیٰ ہاﺅس کا رکارڈ پنجاب کے عوام کی امانت ہے، عثمان بزدار نے 6 ٹرکوں میں سامان نامعلوم مقام پر شفٹ کرایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوسامان شفٹ کرایا وہ فوراً وزیراعلیٰ ہاﺅس واپس لائیں، عثمان بزدار ساڑھے 3 سال پنجاب کے خزانے پر سیر سپاٹے کرتے رہے، جس شخص کے پاس سائیکل نہیں تھی وہ آج ارب پتی بن گیا ہے، بزدار صاحب آپ نےخریدے گھر اور بےنامی جائیدادوں کا حساب بھی دینا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے سالانہ گوشواروں میں 42ہزار ٹیکس ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار صاحب آپ اربوں کی پراپرٹی کے مالک کیسے بن گئے؟ سب چوروں کو الگ الگ حساب دینا ہوگا بھاگنے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے۔
Comments are closed.