راولپنڈی: آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج نے کورونا سے نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عالمی وعلاقائی اور اندرونی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے ضم ہونیوالے اضلاع کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل ہونا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں مشرقی سرحدوں، ایل او سی کی صورتحال پرغور کیا گیا اور پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی طرف سے جنگ بندی پراتفاق کے بعد کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے پاک آرمی کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں شرکا نے افغان امن عمل اور جاری کوششوں میں مثبت پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، عسکری قیادت کو دوست ممالک کے ساتھ جاری فوجی مشقوں کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا
ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں اندرونی سلامتی کی صورتحال بشمول کورونا کی تیسری لہر کا جائزہ لیا گیا اور مسلح افواج نے کورونا سے نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا جب کہ کشمیریوں کی جدوجہد کیساتھ بھر پور یکجہتی کا بھی اعادہ کیا گیا۔
Comments are closed.